Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کورونا وائرس: پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک اور اہم دورہ ملتوی

شائع 22 اپريل 2020 05:28pm

لاہور: پاکستان کرکٹ کا جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈز غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے یہ اعلان ڈچ حکومت کے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر یکم ستمبر 2020 تک تمام (اسپورٹس اور کلچرل) ایونٹس پر پابندی عائد کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز میں شامل تین میچز نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں 4، 7 اور 9 جولائی کو کھیلے جانے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈز ملتوی کررہے ہیں مگر موجودہ حالات میں یہ بالکل درست فیصلہ ہے کیونکہ انسانی زندگیاں کسی بھی کرکٹ میچ یا کسی بھی سرگرمی سے بہت زیادہ قیمتی ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ نیدر لینڈز کورونا وائرس کے باعث شدید متاثرہوا ہے اور ہم اس دوران جانیں گنوانے والے افراد کیلئے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر دیگر تمام ممالک کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کے این سی بی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ اس مشکل صورتحال پر جلدقابو پالے گا۔

وسیم خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ دورہ نیدرلینڈز کا بھرپور لطف اٹھایا اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے ویسے  ہی پی سی بی اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس کرتے ہوئے کے این سی بی کی مشاورت سے دورہ نیدرلینڈز کے نئے شیڈول کی تیاری کاآغاز کردے  گا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل دورہ آئرلینڈ اور 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل دورہ انگلینڈ کا شیڈول برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بالترتیب ڈبلن اور لندن میں اپنے ہم منصب نمائندگان سے رابطہ میں ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ کی طرح ان دوروں کے حوالے سے بھی میزبان بورڈز سے رہنمائی حاصل کرنے پر خوش ہوگا تاہم کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئےاپنے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ اراکین کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

چیئر آف کے این سی بی بیٹی ٹمر نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ہم موسم گرما کے دوران نیدرلینڈز میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کی میزبانی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں، مداحوں اور عملے کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ڈچ حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندی بھی قابل فہم عمل ہے۔

چیئر آف کے این سی بی نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ آئندہ سیزن تک صورتحال قابو میں ہوگی اور ہم ایک بار پھر کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کے لیے تیار ہوں گے۔